loader image

بھارت کا مسلم مخالف اقدام، مذہبی مقام عید گاہ سری نگر کو کھیل کا میدان بنانے کا اعلان

سری نگر: بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مذہبی مقام عیدگاہ سری نگر کو کھیل کا میدان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی کی فسطائی حکومت نے مختلف بہانوں سے زیادہ سے زیادہ اراضی ہتھیانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسی اقدام کے تحت فسطائی مودی حکومت نے سری نگر کے مذہبی مقام عیدگاہ کو ایک جدید پلے گراؤنڈ میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجیوں کی کارروائی میں 2 شہری زخمی

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سلسلے میں اعلان ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پول نے بدھ کو کیا ہے۔

اپنے اعلان میں ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ میں نے آج علاقے کا دورہ کیا تاکہ نوجوانوں کو دستیاب کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عہدیداروں کو علاقے میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عیدگاہ کو شہر خاص کے بہترین کھیل کے میدانوں میں سے ایک کے طور پر جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور اس میں کرکٹ کے کھلاڑیوں کے لیے سائنسی بنیادوں پر 10 ٹرف تیار کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر کی عوام کا بھارتی وزیر داخلہ کے دورے کا مکمل بائیکاٹ کا اعلان

انہوں نے مزید کہا کہ فٹ بال گراؤنڈ کو اپ گریڈ کیا جائے گا اورقریبی پارک کو بھی تمام جدید سہولیات کے ساتھ ایک اہم اور پرکشش مقام کے طور پر اپ گریڈ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عیدگاہ سری نگر میں تاریخی مزار شہداء ہونے کے علاوہ صدیوں کی مذہبی وابستگی کی وجہ سے کشمیریوں کا اس کے ساتھ جذباتی لگاؤ ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *